کراچی (آن لائن)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے سمندری طوفان کے سلسلے میں اپنی تمام ممکنہ حفاظتی تیاریاں مکمل کرلی ہیں،اللہ سے دعا ہے کہ طوفان کی شدت کم ہو جائے، لوگوں سے کہوں گا کہ وہ غیرضروری طورپر گھروں سے باہر نہ نکلیں کراچی میں کلاؤڈ برسٹ کاخطرہ ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ منگل کی شام سندھ اسمبلی میں پالیسی بیان دے رہے تھے جس میں انہوں نے سمندری طوفان کے حوالے سے حکومت سندھ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر ایوان کو اعتماد میں لیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ گزشتہ روز سندھ کے ساحلی علاقوں کا اور کراچی کے ساحلی مقامات کاتفصیلی دورہ کرکے آرہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سمندری طوفان کی سمت پاکستان کی جانب ہے،ابھی سے ہلکی بوندا باندی بھی شروع ہوچکی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق تیز بارش اور ہوائیں چلیں گی۔مراد علی شاہ نے یاد دلایاکہ 1999 میں بھی ایساہی طوفان آیا تھا۔انہوں نے کہا کہ خطرے والے علاقوں سے اب تک 38ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔رات تک پچاس ہزار سے زائد لوگوں کو منتقل کردینگے۔انہوں نے کہا کہ کافی لوگ اپنے رشتے داروں کے ہاں جارہے ہیں کچھ کو کیمپوں میں رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سجاول میں بارش شروع ہوچکی جبکہ کراچی میں 60ملی میٹربارش ہونے کاامکان ہے،جمعرات جمعہ کو زیادہ بارش ہوگی۔انہوں نے کہا کہ طوفان کے دوران اگر کسی کے گھر کو نقصان پہنچا تو حکومت سندھ اس کی مددکرے گی۔ہماری تیاریاں مکمل ہیں مگر شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں،اپنی حفاظت کرنا سب کا فرض ہے حکومت بھی مدد کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بل بورڈ جہاں باقی ہیں انہیں جلدی ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے،کے الیکٹرک سے بھی اپنا سسٹم بہتر رکھنے کا کہاگیاہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز میں ٹھٹھہ، بدین اور سجاول گیا تھا آج کراچی کے ساحلی علاقوں کا دورہ کیا ہے تمام اداروں کو الرٹ کردیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ ابراہیم حیدری اور دیگر علاقوں کے لوگوں کو سمجھایا ہے کہ انہیں کچھ دنوں کیمپ میں رہنا ہوگا،اللہ کرے طوفان کی شدت کم ہو جائے،لوگوں سے کہوں گاکہ وہ غیرضروری طور گھروں سے نہ نکلیں، آندھی آئے یا طوفانی بارش ہو تو لوگ جس جگہ ہوں وہیں ٹہر جائیں اور سفر کرنے سے گریز کریں،جہاں بارش تیز ہو وہاں گھر کی کھڑکیوں اور دروازوں کو بند رکھیں،اکثر شیشہ ٹوٹنے سے نقصانات ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے کو ہدایت کریں کہ ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں ہماری مدد کرے،بلاول بھٹواور وزیر اعظم بھی رابطے میں ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ابراہیم حیدری میں محمد علی جاموٹ وہاں ملے میں خراج پیش کرتا ہوں کہ میرے ارکان اسمبلی ہر جگہ عوام کے درمیان موجود ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کچھ بھی کہتے رہیں میں مناسب وقت پرتمام باتوں کا جواب دونگا،حیدرآباد میں ہم. میئرشپ جیت چکے ہیں.
Load/Hide Comments



