روس کا پہلا رعایتی خام تیل کا کارگو کراچی پہنچ گیا، قوم سے اپنا ایک اور وعدہ پورا کیا ہے،وزیر اعظم

اسلام آباد (آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں نے قوم سے اپنا ایک اور وعدہ پورا کیا ہے، یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہوئی روس کا پہلا رعایتی خام تیل کا کارگو کراچی پہنچ گیا ہے اور کل(پیر)سے تیل کی ترسیل شروع ہو جائیگی، آج ایک تبدیلی کا دن ہے۔ روس کا پہلا تیل بردار جہاز کراچی کی بندرگاہ پر پہنچنے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ردعمل میں وزیر اعظم نے کہا ہم خوشحالی، اقتصادی ترقی اور توانائی کی حفاظت اور سستی کی طرف ایک ایک قدم آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہ پاکستان کے لیے روسی تیل کا پہلا کارگو ہے اور پاکستان اور روسی فیڈریشن کے درمیان نئے تعلقات کا آغاز ہے۔ میں ان تمام لوگوں کی تعریف کرتا ہوں جو اس قومی کوشش کا حصہ رہے اور روسی تیل کی درآمد کے وعدے کو حقیقت میں بدلنے میں اپنا حصہ ڈالا۔ ادھر ترجمان کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق روس کا پہلا تیل بردار جہاز کراچی کی بندرگاہ پر پہنچ گیا ہے۔ 45 ہزار ایک سو بیالس میٹرک ٹن خام تیل لیکر کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو گیا ہے، روسی آئل ٹینکر پیور پوائنٹ کو OP2 پر برتھ کیا گیا ہے۔