چارٹر آف اکانومی ہماری سیاسی جماعتوں کے لیے آگے بڑھنے کا واحد راستہ،شہباز شریف

اسلام آباد (آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چارٹر آف اکانومی ہماری سیاسی جماعتوں کے لیے آگے بڑھنے کا واحد راستہ دکھائی دیتی ہے،موجودہ حالات میں متوازن بجٹ دینا ناممکن تھا،سرکاری ملازمین،پنشنرزکی تنخواہوں میں اضافہ اورمزدور کی کم از کم اجرت32 ہزار کر کے ریلیف فراہم کیا ہے۔عوامی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حالات میں بجٹ بنانا ایک مشکل کام تھا،عمران خان کی پیدا کردہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معیشت تباہ ہوئی،یہ بجٹ معیشت کی طویل مدتی مسائل کے حل کا آغاز ہے،اتحادی حکومت نے ان شعبوں کو ترجیح دی ہے جس سے ہم خود کفالت کی طرف جائیں گے،انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو تنخواہوں میں بالترتیب 35% اور 17.5% تک اضافے کی صورت میں ریلیف فراہم کیا ہے،حکومت نے کم از کم اجرت بڑھا کر 32000 روپے کر دی ہے،ان حالات میں اس سے زیادہ متوازن بجٹ دینا ناممکن تھا جس میں ٹیکسز نہ لگائے جائیں،میں ان تمام لوگوں کی تعریف کرتا ہوں جنہوں نے بجٹ بنانے میں کردار ادا کیا،معیشت کو اصلاحات کی اشد ضرورت ہے، جو کہ ایک مستحکم سیاسی ماحول میں کیے جا سکتے ہیں،معاشی ترقی کا اندرونی طور پر سیاسی استحکام سے تعلق ہے۔