کراچی(آن لائن)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بدھ کے روز سٹی کونسل میں مخصوص نشستوں کی حلف برداری میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی واضح اکثریت سے ثابت ہوگیا کہ کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا،15جون کو بھی جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی اپنی واضح اکثریتسے پیپلزپارٹی کو سرپرائز دیں گی، پیپلز پارٹی تمام تر کوششوں اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں کے باوجود مطلوبہ نمبر پورے نہیں کرسکی،ا ب وہ کس بنیاد پر کہتی ہے کہ مئیر جیالاہوگا،پیپلز پارٹی کے وزراء کہتے ہیں کہ جماعت اسلامی اپنے لوگوں کی فکر کرے کہ وہ کم نہ ہوجائیں،حلف برداری میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے مخصوص نشستوں پر منتخب تمام افراد موجود تھے،پیپلز پارٹی بتائے کہ حلف برداری میں خود اس کے لوگ پورے کیوں نہیں تھے،پیپلز پارٹی کے پاس ابھی موقع ہے کہ وہ اپنی ساکھ ٹھیک کر نے کے لیے جماعت اسلامی کے مینڈیٹ کو تسلیم کرے،جماعت اسلامی نے مئیر کے انتخاب کے لیے سندھ اسمبلی میں لوکل ایکٹ کے ترمیمی بل کے خلاف ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی، ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی جس پر ایڈوکیٹ جنرل کو طلب کیا گیا لیکن حاضر نہیں ہوئے، عدالت نے سماعت کی اگلی تاریخ 13 جون مقرر کی ہے۔یہ ثابت ہوگیا ہے کہ لوکل ایکٹ میں ترمیمی بل کی منظوری پارٹی کو نوازنے اور جمہوریت کے منافی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ 13 جون کو آئین و قانون کے مطابق جماعت اسلامی کے حق میں فیصلہ آئے گا پھر ہم پوچھیں گے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مئیر کا امیدوار کون ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں سٹی کونسل میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کے حلف اور جماعت اسلامی و پی ٹی آئی کی واضح اکثریت ثابت ہونے کے بعد موجودہ صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیرجماعت اسلامی کراچی راجا عارف سلطان، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ پیپلز پارٹی پی ٹی آئی میں فاروڈ بلاک بنانا چاہتی تھی، وہ بتائے 8 جون ہے فارورڈ بلاک کہاں ہے؟،سٹی کونسل میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کے 63 اراکین نے حلف اٹھایا،جماعت اسلامی کراچی کی بہتری کے لیے مسلم لیگ ن اور دیگر پارٹیوں سے بھی رابطے میں ہے،پیپلز پارٹی کے وزراء طوطے کے ذریعے فال نکالنے میں مصروف ہیں اورہاتھوں کی لکیریں تلاش کررہے ہیں لیکن وہ جان چکے ہیں کہ طوطے نے جو فال نکالا ہے اس میں پی ٹی آئی کاکوئی فارورڈ بلاک موجود نہیں ہے،پیپلز پارٹی کے پاس دھونس دھمکی اور حکومتی جبر کے بعد جب کوئی اور راستہ نہیں بچا تو اب وہ کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کے افراد مئیر کے انتخاب میں نہیں آئیں گے۔
Load/Hide Comments



