پاکستان اور ترکیہ میں تعلقات مزید گہرے ہونے کیلئے تیار ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ میں تعلقات مزید گہرے ہونے کیلئے تیار ہیں۔وزیر اعظم دو روزہ دورے کے لیے ترکیہ روانہ ہو گئے۔ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ میں اپنے بھائی ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر ترکیہ روانہ ہورہا ہوں، جہاں پر ان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کروں گا۔ میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے رجب طیب اردوان کو دوبارہ منتخب پر مبارکباد پیش کروں گا۔ انہوں نے لکھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات ہمارے مشترکہ عزم اور مشترکہ تقدیر کے مطابق مزید گہرے ہونے کے لیے تیار ہیں۔ وزیر اعظم نے مزید لکھا کہ اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کا آئندہ ساتواں اجلاس ہماری سٹریٹجک شراکت داری بڑھانے کے لیے صحیح راستہ فراہم کرے گا۔ ہم نے ابھی تک اپنے کثیر جہتی تعلقات کی صلاحیت کو کھولنا ہے اور اس سمت میں کوششیں کی جا رہی ہیں۔