ملک دیوالیہ ہونے کی تاریخیں دینے والوں کو شرم آنی چاہئے،اسحاق ڈار

اسلام آباد (آن لائن)وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کو شوق ہے کہ ملک ڈیفالٹ ہو جائے لیکن ایسا نہیں ہو گا، ملک دیوالیہ ہونے کی تاریخیں دینے والوں کو شرم آنی چاہئے،سوئچ آن آف کرنے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوتی، ملک کی بہتری کیلئے لانگ ٹرم پالیسی اپنانا ہو گی۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ملکی معیشت مشکلا ت کا شکار ہے ایک روز میں سارے مسائل حل نہیں ہوسکتے لیکن ہمیں بہتری کی امید ہے۔ملک کی بہتری کیلئے لانگ ٹرم پالیسی اپنانا ہو گی،سال 2013 میں بھی پہلا سال ہمارے لیے مشکل تھا۔ماضی میں کئی وعدوں پر عمل نہیں کیا گیا، کوشش ہے کہ جو عوام سے جو وعدے کیئے ہیں وہ پورے کریں گے کیونکہ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی پر بوجھ پڑا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کوشش ہے کہ غیر ملکی ادائیگیاں اپنے وقت پر ہوں دراصل پاکستان میں سیاسی عدم استحکا م سب سے زیادہ نقصان کر تا ہے، ہمیں بہت سے چیلجنز کا سامنا ہے اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بجٹ کے بعد بھی پاکستان میں طویل مدتی بہتری کے کام کریں گے اور ملک کو مل کر مشکلات سے نکالیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت مشکلات کاشکار ہے،کچھ لوگوں کا شوق ہے کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے اوروہ آئے روز ملک کے دیوالیہ ہونے کی تاریخیں دیتے رہتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہوگا، ملک کے دیوالیہ ہونے کی تاریخیں دینے والوں کو شرم آنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گھبرانے کی ضرورت نہیں مشکل ترین اصلاحات ہم کر چکے ہیں،بجٹ کے بعد بھی پاکستان میں طویل مدتی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائیں گے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا مزید کہناتھا کہ مسائل سے نمٹنے کیلئے وقت درکار ہے،فیصلہ ہوا تھا کہ سیاست کو بھلے نقصان ہو معیشت سنبھالنی ہے تاہم سوئچ آن آف کرنے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوتی، ہمیں تمام مسائل اس لئے درپیش ہیں کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے نہیں  کئے۔