9مئی کا اندوہناک دن کبھی بھی بھلایا نہیں جاسکتا،عمران خان نام نہاد سیاسی رہنما ہیں،سردار تنویر الیاس

لاہور(آن لائن)سابق وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ 9مئی کا اندوہناک دن کبھی بھی بھلایا نہیں جاسکتا،عمران خان نام نہاد سیاسی رہنما ہیں،نوجوانوں سے جھوٹے وعدے کرکے انہیں گمراہ کرنے کی کوشش کی،ہر مشکل وقت میں عوام فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ لاہور میں جناح ہاؤس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ مختلف باتوں اور معاملات پر اختلافات رائے تھے انہیں ہر معاملے میں سمجھانے کیلئے جب بات کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے ٹال مٹول سے کام لیا میں نے کہا کہ آج کی نوجوان فورس کو آپ سے بہت سی امیدیں ہیں قائداعظم اور بھٹو کے بعد عمران خان وہ لیڈر تھے جن سے نوجوانوں کو بہت سی امیدیں وابستہ تھی مگر عمران خان نے انہیں جھوٹے خواب دکھا کر گمراہ کردیا جھوٹے وعدے کرکے ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نوجوانوں کو کہا کرتے تھے کہ فلاں ملک کا وزیراعظم پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرتاہے فلاں ملک کا وزیرعظم سائیکل پر سفر کرتا ہے ایسی باتوں سے نوجوانوں کو ان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہوگئی تھیں مگر عمران خان نے ان کو گمراہ کرکے اپنے ہی ملک کے اداروں پر حملہ آورکروا کربعد میں اکیلا چھوڑ دیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک نام نہاد سیاسی لیڈر ہے جس نے اپنے محسنوں کو بھی نہیں چھوڑا ان کی قد ر نہیں کی اور پھر اپنے پارٹی ورکروں اور رہنماؤں سے بھی لاتعلقی کا ااعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ نو مئی کا واقعہ عمران خان کا لگایا ہوا پودا تھا پھر سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ شروع کردیا گیا تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ورکز کی بڑی تعداد ملک سے باہر بیٹھی اس پروپیگنڈے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوچا بھی نہیں جاسکتا کہ بابائے قوم سے جڑی چیزوں کو کوئی نالائق بدبخت شخص کیسے جلا سکتا ہے ہر مشکل وقت میں عوام فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے پاک فو ج وہ ادارہ ہے جو ملک کے تحفظ کیلئے قربانیاں دیتا ہے شہداء کی یادگاروں کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔