ہماری پارٹی میں اتنی گنجائش نہیں کہ سب پی ٹی آئی والوں کو لے لیں، رانا ثنااللہ

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہمارے پاس اتنی گنجائش نہیں کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والے سب لوگوں کوپارٹی میں شامل کر سکیں۔ کیا عمران خان کو ہم نے کہا تھا کہ دفاعی تنصیبات پرحملہ کریں؟ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ نواز شریف کوریلیف ملنا چاہیے یہ ان کا حق ہے، جب الیکشن ہوں گے تو نواز شریف واپس آئیں گے اور پارٹی کو لیڈ کریں گے، وہ واپس آکر الیکشن مہم چلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگرکوئی نئی جماعت بنتی ہے تو ہمارے لیے کوئی چیلنج نہیں ہوگا، اگر نئی جماعت سیاسی اصولوں پرچلتی ہے تو وہ اپنی قسمت آزمائے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کوحق ہے کہ وہ پنجاب میں اپنے پاؤں جمائے اور (ن) لیگ کوبھی حق حاصل ہے کہ وہ سندھ میں اپنے پاؤں جمائے۔پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ اپنی مرضی سے پی ٹی آئی چھوڑنے والے پہلے بھی کئی پارٹیوں میں جاچکے ہیں، ہمارے پاس اتنی گنجائش نہیں کہ ان سب لوگوں کوپارٹی میں شامل کرسکیں،جتنی گنجائش ہے اس حساب سے لوگوں کوپارٹی میں شامل کر سکیں گے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ عوامی ردعمل نہیں تھا، کیا عمران خان کو ہم نے کہا تھا کہ دفاعی تنصیبات پرحملہ کریں؟