19 کروڑ پاؤنڈ کی منتقلی کا معاملہ:شیخ رشید نے نیب میں تحریری جواب بھجوا دیا

راولپنڈی (آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے نیب میں پیشی کی بجائے تحریری جواب بھجوا دیا۔سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نیب کو بھجوائے تحریری جواب میں برطانیہ سے 19 کروڑ پاؤنڈ کی منتقلی کی کابینہ سے منظوری سے لا تعلقی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہجب یہ معاملہ کابینہ میں آیا تو اجلاس سے جا چکا تھا اور القادر ٹرسٹ کی منظوری کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہزاد اکبر کے ساتھ میرے تعلقات بہت کشیدہ تھے، حتی کہ بول چال بھی نہیں تھی۔ نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور انویسٹی گیشن ٹیم کو بھجوائے مراسلے میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ مجھے کال اپ نوٹس ملا تھا جس میں بطور گواہ بیان ریکارڈ کروانے سے متعلق کہا گیا تھا لیکن میں اس سارے معاملے سے متعلق کچھ نہیں جانتا اور لا تعلقی کااظہار کرتا ہوں۔