نااہل کیا گیا تو شاہ محمود قریشی پارٹی چلائیں گے، مراد سعید مستقبل کا لیڈر ہے، عمران خان

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ مجھے نااہل کیا گیا تو شاہ محمود قریشی پارٹی چلائیں گے،حلف دیتا ہوں تشدد اور توڑ پھوڑ کا کبھی نہیں کہا، فوج سے کوئی لڑائی نہیں یہ فوج میری ہے، جلد وقت تبدیل ہو نے والا ہے اور آنے والے دنوں میں بڑے سرپرائز دوں گا۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے زمان پارک لاہور میں نے صحافیوں اور وکلاء سے ملاقات کے دوران کیا۔عمران خان کا کہنا تھاکہ مجھے نااہل کیا گیا تو شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک جیسے سینئر معاملات دیکھیں گے جبکہ مراد سعید مستقبل کا لیڈر ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج سے کوئی لڑائی نہیں یہ فوج میری ہے، جلد وقت تبدیل ہو نے والا ہے اور آنے والے دنوں میں بڑے سرپرائز دوں گا، موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے، الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں۔پارٹی چھوڑنے والوں سے متعلق عمران خان کا کہنا تھاکہ جو چھوڑ کر جا رہے ہیں کچھ مجبور اور کچھ بے نقاب ہوئے، پارٹی کے لیے نوجوان بہترین سرمایہ ہیں اور ٹکٹ ان کا حق ہے جبکہ صدر مملکت عارف علوی آئین کے مطابق کام کر یں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن پی ٹی آئی ہی جیتے گی، مجھے گرفتار، نااہل اور قتل کرنے تک کی پلاننگ ہو چکی ہے، آج بھی ریفرنڈم کروا کر دیکھ لیں نتیجہ سامنے آجائے گا، حلف دیتا ہوں تشدد اور توڑ پھوڑ کا کبھی نہیں کہا۔ عمران خان نے کہا کہ اگر مجھے گولیاں لگنے پر توڑ پھوڑ نہیں ہوتی تو اب کیسے ممکن تھا سب کچھ پلاننگ کے تحت ہمارے خلاف کیا گیا جب ہم عوامی طور پر جیت رہے ہیں تو ہم کیوں توڑ پھوڑ کریں گے۔انہوں نے کہا گرفتار کارکنوں کی رہائی کے لیے آج بھی وکلا کی میٹنگ بلائی ہے۔ علاوہ ازیں عمران خان سے لیگل ٹیم نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں عمران خان پر درج مقدمات اوران کے کیسزپرقانونی مشاورت کی گئی جبکہ عمران خان نے لیگل ٹیم سے گرفتارپارٹی رہنماؤں کی رہائی سے متعلق گفتگو بھی کی۔خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین ہیں اور ان دنوں گرفتار ہیں۔ دریں اثناء عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم قیادت کو روپے کی قدر میں تاریخی گراوٹ سے یقیناً کچھ فرق نہیں پڑتا۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 310 روپے میں فروخت ہو رہا اور ملک آج کل ریکارڈ کمر توڑ مہنگائی کے چْنگل میں ہے، قرضوں کے حجم میں نہایت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جبکہ معیشت اسی تیزی سے سکڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا نے کہا کہ ہماری مجموعی سالانہ آمدن تو اس سود کیلئے بھی ناکافی ہے جسے ہمیں اپنے قرضوں پر ادا کرنا ہے، ایسے میں جب معیشت ہماری نگاہوں کے سامنے بکھر رہی ہے، قوم پر مسلط فسطائی حکومت تحریک انصاف کو کچلنے کیلئے جبر و ستم کے نت نئے طریقوں کی ایجاد میں لگی ہوئی ہے۔ عمران خان نے مزید کہا ہے کہ ناجائز طریقوں سے جمع کی گئی پی ڈی ایم والوں کی ساری دولت ڈالروں کی صورت میں بیرون ملک چھپائی گئی ہے، پی ڈی ایم قائدین کیلئے تو روپے کی قدر میں گراوٹ سود مند (منافع بخش) ہے جبکہ پاکستان کے عوام غربت اور مہنگائی کے بوجھ تلے کْچلے جائیں گے۔