قوم نے تحریک انصاف اور اسکی قیادت کی کرپشن بے انصافی اور آخر میں 9مئی کے روز دہشت گردی بھی دیکھ لی،رانا تنویر حسین

فیروز والہ(آن لائن) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کے دور حکومت میں مسلم لیگ ن کی جانب سے شروع کئے گئے قومی اہمیت کے لاتعداد منصوبوں کو انصاف اور کرپشن کے خاتمے کے نام پربننے والی پی ٹی آئی کی کرپٹ حکومت نے پس پشت ڈال کر انہیں ختم کرکے ملک وقوم کے اربوں روپے ضائع کئے،قوم نے تحریک انصاف اور اسکی قیادت کی کرپشن بیانصافی اور آخر میں 9مئی کے روز دہشت گردی بھی دیکھ لی،شیخوپورہ میں موٹروے ایم ٹو پر کوٹ پنڈی داس انٹر چینج کے تعمیراتی کام کا معائنہ کرنے اور نیشنل ہائی ویز حکام سے منصوبے کے متعلق بریفنگ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہاکہ عمرانی فتنہ کے اپنی موت آپ مرنے کے بعد اب بے انصافی کرپشن اور دہشت گردی کے خاتمے کا اصل دور شروع ہوچکاہے،ملک وقوم کو ترقی کی اسی شاہراہ پر گامزن کریں گے جہاں 2017میں محمد نواز شریف چھوڑ کر گئے تھے۔رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ کوٹ پنڈی داس انٹر چینج مسلم لیگ ن کی حکومت نے شروع کیا تھا مگر کرپٹ ٹولے نے اپنی کرپشن کی جھولی بھرنے کے لیے قومی اہمیت کے اس منصوبے کو بھی ختم کردیا 2017میں اس منصوبے پر سوا ارب روپے لاگت آنی تھی اب اس منصوبے کی لاگت تین اعشاریہ آٹھ ارب روپے ہو چکی ہے جو کہ ایک بڑا قومی نقصان ہے، انہوں نے حکام کو ہدائت کی کہ کوٹ پنڈی داس انٹر چینج ایک سال کی بجائے صرف دوماہ میں مکمل ہونا چاہیے، جس کے بعد اس کا افتتاح محمد شہباز شریف کریں گے.