حکومت نے عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کومسترد کردیا

اسلام آباد(آن لائن) حکومت کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کومسترد کردیا گیا، وفاقی سنیئر وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اب مذاکرات کا وقت ختم ہو چکا ،عمران خان بند گلی سے نکلنے کیلئے مذاکرات چاہ رہے ہیں، نو مئی واقعات پر عمران خان کے خلاف بھی کارروائی ہو سکتی ہے۔ نجی ٹی سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا چیئرمین سینٹ کے پلیٹ فارم سے مذاکرات شروع کئے تھے۔پی ٹی آئی سنجیدہ نظر نہیں آئی اور مذاکرات سے نکل گئی ہے۔ انہوں نے کہا 9 مئی کو جو ہوا عمران خان مذاکرات کی آڑ میں اس پر این آر او چاہ رہے ہیں، انہوں نے کہا پی ٹی آئی لیڈر اب انقلاب کی باتیں کرتے ہیں تو میں ان کو بتا دوں انقلاب لیڈ روں کے دس دس سال جیلوں میں رہنے اور لوگوں کی خدمت کرنے سے آتا ہے جبکہ ان کے لیڈر تو دس دس دن بھی جیلوں میں برداشت نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لیڈروں کو چاہئے کہ وہ شہداء کے لواحقین سے تعزیت کریں اور معافی مانگیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ انقلاب لانے والے لیڈر 9مئی والے دن کی صورتحال ملک میں پیدا نہیں ہونے دیتے کیونکہ اس واقعہ سے نہ صرف پاکستان میں انٹرنیشنل سطح پر جگ ہنسائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری عمارت کی توڑ پھوڑ جلاؤ گھیرا اور فوجی تنصیبات پر حملہ اور شہداء کے مزاروں کی بے حرمتی کرنے پر پی ٹی آئی کو پوری قوم سے معافی مانگی چاہئے۔