جناح ہاؤس کے دور دیوار دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے: مشعال ملک

لاہور(آن لائن) کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا جناح ہاؤس لاہور کا دورہ،نو مئی کے واقعہ میں ہونے تھوڑ پھوڑ دیکھ کر رو پڑیں۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ جناح ہاؤس کے دورو دیوار دیکھ کر روح کانپ گئی ہے دل خون کے آنسو رو ر ہا ہے اس سے بڑی اس ملک کے ساتھ دہشتگردی اور کیا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حملے اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کو ہمیشہ کیلئے نشان عبرت بنادیا جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کرنے کی جرات نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ نو مئی کو ہوا اس پر بھارت میں خوشیاں اور مٹھائیاں بانٹی جارہی ہیں میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کا احترام کرتی ہوں پاکستان کے موجودہ حالات پر سب کو متحد ہونا پڑے گا پاکستان اسلام کے نا م پر بنا ہے تاقیامت قائم رہے گا اس پاک سرزمین کیلئے لاکھوں ماؤں بہنوں، بزرگوں، بچوں اور نوجوانوں نے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایک مضبوط فوج ہے، مقبوضہ کشمیر میں کشمیری خواتین کی عزتیں اس لئے لوٹی جارہی ہیں کہ ان کے پاس مضبوط فوج نہیں ہے، سیاسی احتجاج کرنا تھا توبھارتی ہائی کمیشن کے سامنے کرتے، مقبوضہ کشمیر کی عوام پاکستان اور یہاں کی آرمی کے ساتھ کھڑی ہے، ہمیں ایک قوم ہو کر دشمن کو ہرانے کی بات کرنی ہے۔ دنیا بھر میں بھارت کو بے نقاب کریں، ہمیں سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں ہمارے لئیے قابل عزت ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیراورحریت رہنما یاسین ملک کی گرفتاری کا ذکرکرتے ہوئے کہا مودی حکومت یاسین ملک کو پھانسی دینے کا سوچ رہی ہے لیکن وہ مودی سرکارکوبتادینا چاہتی ہیں کشمیری شہادت اورموت سے نہیں ڈرتے، یاسین ملک ایک شخص نہیں بلکہ ایک تحریک کانام ہے۔انہوں نے کہا ان کی حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ اگر بھارت کلبھوشن یادیو کا کیس عالمی فورم پرلے کرجاسکتا ہے تویاسین ملک کا کیس بھی عالمی سطح پراٹھایا جائے۔ انہوں نے خدشہ ظاہرکیا کہ پیر کے روز یاسین ملک کو پھانسی کی سزاسنائی جاسکتی ہے۔