اعلی عدلیہ نے حکومت اور پارلیمنٹ کے ہر فیصلے کی نفی کی ہے اور اب یہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے اختیار اعلی کیلئے جدوجہد میں شریک ہوں،خورشید شاہ

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر ا?بی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اعلی عدلیہ نے حکومت اور پارلیمنٹ کے ہر فیصلے کی نفی کی ہے اور اب یہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے اختیار اعلی کیلئے جدوجہد میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو کئی ایک چیلنجر کا سامنا ہے اور عدلیہ کو ان چیلنجر سے نمٹنے کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عدلیہ نے بروقت اور درست سمت میں فیصلے کئے ہوتے تو ۹ مئی کے واقعات کبھی وقوع پذیر نہ ہوتے۔ وفاقی وزیر نے کہ عدل و انصاف کی ہر حکومتی کوشش میں عدلیہ کا تعاون ناگزیر ہے اور عدلیہ کو اپنے اس فریضہ سے روگردانی نہیں کرنی چاہئے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان پر اقتدار کے فوری حصول کا جنون طاری تھا اور اس اندھے جنون کی وجہ اْس نے ملک و قوم کو مشکلات سے دوچار کیا اور اْس کی پھیلائی ہوئی افراتفری کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے بطور اپوزیشن اور بطور حکومت عمران خان کو بار بار مذاکرات کی دعوت دی مگر جواب میں ہمیں ہمیشہ چور ڈاکو، چور ڈاکو کی اوازیں سننا پڑیں اور اب جبکہ عمران خان کے پاس مذاکرات کیلئے ٹیم بھی نہیں تو وہ چور ڈاکووں سے مذاکرات کیلئے بے چین ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست ایک سنجیدہ کام ہے اور اس میں جھوٹ، دھوکہ اور حد سے زیادہ چالاکی زیادہ عرصہ نہیں چلتی اور اس کا انجام یہی ہوتا ہے جو اس وقت قوم کو نظر آرہا ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان اس قوم کا وہ سقراط ہے جو قوم کو بے انصافی کا زہر پلا کر انصاف کیلئے امر ہونا چاہتا ہے۔