ابوظہبی اور گلف ممالک سے 500ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کامعاہدہ ہونے جارہاہے،فیصل سبزواری

کراچی(آن لائن)وفاقی و زیر بحری امور فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے دوست ممالک سے سرمایہ کاری کی شرط عائد کی تھی،ابوظہبی اور گلف ممالک سے 500ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کامعاہدہ ہونے جارہاہے،بین الحکومتی معاہدہ کی پالیسی مرتب کرلی ہے اورسمری پیر کووزرات قانون کو ارسال کی جائیگی،سمری منظور ہونے کی صورت میں 50کروڑ ڈالر کی ایف ڈی آئی ملک میں آسکے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارہفتے کو کورنگی ایسوسی ایشن آف انڈسٹری(کاٹی)میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے صدر کاٹی فراز الرحمان،معاون سرپرست اعلیٰ زبیرچھایا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔فیصل سبز واری نے کہا کہ وسائل کی تقسیم کامیکنزم اب صوبوں کے پاس چلا گیا ہے، آکٹرائے سسٹم ختم ہونے کے بعد کراچی کے لیے صوبے کو رقم آتی ہے لیکن وہ کراچی نہیں پہنچتی ہے،18ویں ترمیم کے بعدصوبوں کا مالیاتی حجم بڑھ گیا ہے،ہمیں معیشت کی ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔ کراچی پورٹ کا کوئی ٹیرف ہم نے نہیں بڑھایا، بندرگاہوں کی اتھارٹیز پبلک لمیٹڈ کمپنیاں نہیں ہیں،یہ ریاست پاکستان کی بندرگاہیں ہیں جن کاکام تاجروں کوسہولیات فراہم کرناہے،میں یہ وزارت لینا ہی نہیں چاہتا تھا کیونکہ یہاں مسائل ہی مسائل ہیں،کے پی ٹی کے پاس سی ایس آر کی مد میں کوئی رقم دستیاب نہیں ہے،پورٹ ملازمین کی تنخواہیں انتہائی مشکل سے بڑھائیں،فیصل سبزواری نے کہا کہ کے پی ٹی نے رکے ہوئے کنٹینرز پر ایک روپے کے کوئی چارجز وصول نہیں کیے، تاہم شپنگ لائن نجی کمپنیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ پرکوئلہ اتارنے کے لیے بہت دباؤ ہے لیکن اس کی اجازت نہیں دی۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے موقع ملا تو میں شہر میں بڑی سڑکیں ہی نہیں بناؤں بلکہ بڑی بسیں بھی لاؤں گا،ہماری وزارت نے جلدخراب ہونے والی اشیاء کے کنٹینرز کو سہولیات دیں،بغیر کسی چارجز کے کراس اسٹفنگ کی سہولت کے لیے مطلوبہ جگہ فراہم کی گئی تاکہ ڈیمرج و ڈیٹینشن سے بچ سکیں، بندرگاہوں پراب بھی پرانے کنٹینرز کی ایک بڑی تعدادموجود ہے۔ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ کچھ سی فوڈ ایکسپورٹرز انڈرانوائسنگ میں ملوث ہیں،میرین فشریز ڈپارٹمنٹ بدترین حالات سے دوچار ہے، نیشنل فلیگ کیریئر آج تک 13جہازوں تک کیوں محدودہیں؟،دنیا میں 80فیصد فارم کیچ سی فوڈ استعمال کیا جاتا ہے،فارم کیچ کے لیے فشنگ بورڈ کی مشاورت سے ڈیولپمنٹ کی کوششیں کی جارہی ہیں،ملک میں ہیچری سیکٹر میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہیفیصل سبزواری نے بتایا کہ وزارت بحری امور خوردنی تیل کے لیئے نیابحری بیڑہ لینے جارہی ہے،پم نے سندھ حکومت کوسٹل ڈیولپمنٹ زون کے قیام کے لیے قائل کرلیا گیا ہے۔