آزاد ہیں اور آزاد رہیں گے، کوئی بھی طاقت ہمار ی آزادی نہیں چھین سکتی،شہبازشریف

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم آزاد ہیں اور آزاد ہی رہیں گے، کوئی بھی طاقت ہمار ی آزادی نہیں چھین سکتی، ڈاکٹر عبدالقدیر خان سمیت جوہری پروگرام کے تمام ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں، ،جب بات پاکستان کی آ ئیگی تو ہمارے سیاسی اختلاف، مفاد اور تقسیم سب ختم ہو جاتے ہیں۔ یومی تکبیر کی مناسبت سے اپنے ایک جاری پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں اْس وقت کے وزیراعظم اور میرے قائد نواز شریف کو سلام پیش کرتا ہوں، نواز شریف نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔28 مئی یوم تکبیر کی مناسبت سے پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ 25 سال پہلے پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دے کر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم آزاد ہیں اور آزاد رہیں گے ہماری آزادی، خود مختاری، قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے۔ کوئی بھی طاقت ہمار ی آزادی نہیں چھین سکتی۔ پاکستان کو اسلامی ممالک کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایٹمی پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی صا حبزادی محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ محترمہ بینظیر بھٹو نے اس وقت بطور اپوزیشن لیڈر ایٹمی دھماکوں کے فیصلے کی تائید کی۔شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان نسل کو بتانا چاہتا ہوں کہ اِس وقت بے نظیر اور ن لیگ نے سیاسی اختلافات بھلا کر اتحاد کا مظاہرہ کیا،جب بات پاکستان کی آ جائے تو ہمارے سیاسی اختلاف، مفاد اور تقسیم سب ختم ہو جاتے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان سمیت جوہری پروگرام کے تمام ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں، آج کے دن کا سبق ہے کہ قوم متحد ہوکر ہر مشکل کا سامنا کرسکتی ہے۔ پاکستان کے تمام دوست ممالک خاص طور پر سعودی عرب کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ جب پاکستان کو عالمی پابندیوں کا سامنا تھا، تب تمام دوست ممالک نے ساتھ دیا۔