اسلام آباد (آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ تحریک انصاف کے شرپسندوں نے 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کی اس لئے ان کے لئے کوئی معافی نہیں،چاہئے میں بھی سفارش کروں کسی گناہ گار کو چھوڑا نہیں جائے گا اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں دی جائے گی۔شہداء ہمارے ہیرو ہیں اور ان کی تکریم پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی،شہداء کے لواحقین کا ہرطرح سے خیال رکھا جائیگا،انہیں وزیر اعظم یوتھ سکیم کے تحت آسان شرائط پر قرض بھی دیا جائیگا اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جناح کنونشن سینٹر میں تحفظ شہداء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں آج اس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ کیونکہ آج ہم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں،یہ وہ شہداء ہیں جنہوں نے پاکستان کی مٹی اور اس وطن کے دفاع کے لئے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کیا،لہو سے اس کی آبیاری کی، اور ہم شہداء کو کبھی نہیں بھول سکتے،یہ ہمارا اثاثہ اور قومی ہیروز ہیں،افواج پاکستان،قانون نافذ کرنے والے ادارے، پولیس،سیکورٹی ایجنسیز کے افسران اور جوانوں نے اس ملک کے لئے قربانیاں دیں،86 ہزار سے زائد قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن وا استحکام آیا مگر جو کچھ 9 مئی کو ہوا وہ کبھی نہیں بھلایا جا سکتا،یہ ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا،تحریک انصاف کے شرپسندوں اور ا سکے سربراہ عمران خان نے جس طرح لوگوں کو مشتعل کیا سب کچھ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جس کا ماسٹر مائنڈ عمران خان تھا وہ خود کو بری الزمہ قرار نہیں دے سکتا، کوئی سیاسی جماعت کیا ایسا کر سکتی ہے کہ گرفتاری کی صورت میں ریاست پر حملہ کر دے،جب یہ حکومت میں آیا تو اس نے پوری اپوزیشن کو جیلوں میں ڈال دیا ہم نے کوئی گڑ بڑ نہیں کی،گرفتاریاں دے دیں،جیلوں میں چلے گئے،توڑ پھوڑ نہیں کی،ریاستی اور دفاعی اداروں کو نقصان نہیں پہنچایا،ذوالفقار علی بھٹو کوپھانسی ہوئی،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ہوگئیں، نواز شریف کو جلا وطن کیا گیا پھر دوبارہ ان کی حکومت ختم کر دی گئی مگر کسی سیاسی جماعت نے اپنے ملک کو یا اس کے جھنڈے کو نقصان نہیں پہنچایامگر عمران خان جس دن گرفتار ہوتا ہے جلاؤ گھیراؤ اوردفاعی و فوجی تنصیبات پر اس کے شر پسند حملہ آور ہوتے ہیں جن کو قانون کے کٹہرے میں لایا جارہا ہے ان کے لئے کوئی معافی نہیں یہ ناقابل معافی جرم اور ریاست پر حملہ ہے،ریاست کمزور نہیں،شہیدوں کی تصاویر اور یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی،سوچیں ان شہیدوں کے ورثاء اور لواحقین پر کیا گزرتی ہوگی،وزیر اعظم نے واضح کیا کہ کوئی بھی گناہ گار بچے گا نہیں اور کسی بے گناہ کو ہم پکڑیں گے نہیں،ایسے لوگوں کے لئے سخت قوانین کے تحت کارروائی کریں گے تا کہ آئندہ کسی کو جرات نہ ہو.
Load/Hide Comments



