ملک میں مردم شماری درست نہیں ہورہی، ایم کیو ایم پاکستان

کراچی (آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ روز بیچ لگژری ہوٹل کراچی میں ہونے والے وسیع البنیاد مکالمے میں پورے پاکستان سے شرکت کرنے والے اسٹیک ہولڈرز نے درست مردم شماری کیلئے ایم کیو ایم پاکستان کی عملی کوششوں کو سراہتے ہوئے مردم شماری پر ایم کیو ایم پاکستان کے موقف کی کھل کر حمایت کردی اور تسلیم کیا کہ ملک میں مردم شماری درست نہیں ہورہی ہے۔ شرکا نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اعدادوشمار کے شواہد سے ثابت کردیا کہ مردم شماری میں شہری سندھ بلخصوص کراچی اور حیدرآباد کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے اور ایم کیو ایم نے مردم شماری کے مسئلہ پر پورے ملک سے اسٹیک ہولڈرز کو جمع کرکے اسے ملک اور کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ ثابت کردیا ہے۔ شرکا نے ایم کیو ایم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ایم کیو ایم پاکستان نے مردم شماری کے طریقوں میں پوشیدہ نقائص اور خامیوں کی نشاندہی کی ہے اس سے صرف کراچی نہیں بلکہ پورے پاکستان میں درست مردم شماری کے انعقاد میں مدد ملی ہے، شرکا نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے عوامی سطح پر جو مہم چلائی ہے اس پاکستان کے بچے بچے کو معلوم ہوگیا ہے کہ ملک میں مردم شماری ہورہی ہے اور انہیں کم گنا جارہا ہے، پہلی بار کسی سیاسی جماعت نے عملی کوششوں اور ثبوت و شواہد سے حکام کو کم گنے جانے والے 56 لاکھ سے زائد شہریوں کو گننے پر مجبور کردیا ہے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قیام سے لیکر آج تک یہ پہلی مردم شماری ہے جس میں ثبوت و شواہد کے ساتھ آواز اٹھانے پر مردم شماری کی تاریخ میں توسیع کرکے ان لاکھوں افراد کو گنا گیا ہے اور اس کا سہرا ایم کیو ایم پاکستان کے سر جاتا ہے۔ وسیع البنیاد مکالمے کے شرکا کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس طرح ایم کیو ایم پاکستان نے تجزیاتی، تحقیقی اور معلوماتی حقائق پر مبنی شواہد متعلقہ حکام کو فراہم کئے ہیں ایسا کسی سیاسی جماعت نے نہیں کیا جبکہ مردم شماری میں درست شمار صرف کراچی میں رہنے والے ایم کیو ایم کے ووٹر کا نہیں بلکہ تمام لسانی اکائیوں، سیاسی وابستگیوں غرض یہ کہ ایک ایک شہری کا مسئلہ اور حق ہے۔ شرکا نے ایم کیو ایم پاکستان کی کوششوں اور کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایم کیو ایم اسی طرح ملک کے تمام بڑے مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کرے گی اور انہیں حل کرنے کیلئے عملی کوششیں جاری رکھے گی۔ ترجمان نے گذشتہ روز بیچ لگژری ہوٹل کراچی میں منعقدہ وسیع البنیاد مکالمے میں پورے پاکستان سے دانشوروں،صحافیوں، سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، تھنک ٹینک کے سربراہ، تاجروں، صنعتکاروں، سول رائٹس تنظیموں کے نمائندوں، بیوروکریٹس اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین کا شرکت پر شکریہ ادا کیا ہے.