9مئی واقعات، پی ٹی آئی پر پابندی لگانے پر غور کیا جارہاہے،خواجہ آصف

اسلام آباد(آن لائن) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عسکری تنصیبات پر حملہ عمران خان کا آخری حربہ تھا جو ناکام ہوا،تحریک انصاف پر پابندی لگانے پر غور کیا جا رہا ہے اس حوالے سے پارلیمنٹ سے رجوع کیا جائیگا،9مئی کے واقعات اچانک نہیں ہوئے یہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ہوئے ہیں، اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی نے ریاست کو چیلنج کیار اس کی نظریاتی و دفاعی اساس پر حملہ کیا، کوئی ایسا جرم نہیں جو 9 مئی کو سرزد نہیں ہوا، گوجرانوالہ میں 4 بندے مارے گئے، آئی ایس آئی کے دفتر پر حملہ کیا گیا، سیالکوٹ میں کینٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی گئی، کور کمانڈر کے گھر میں بھی گھس گئے۔ 9مئی کے واقعات میں ملوث شر پسندوں کے گھناؤنے مقاصدتھے۔عمران خان کا 9مئی پر فوجی و عسکری تنصیبات پر حملہ آخری حربہ تھا جو ناکام ہوا، 9مئی کے واقعات اچانک نہیں ہوئے باقاعدہ پلاننگ کے تحت ہوئے،عمران خان کے گھناؤنے عزائم تھے جو کسی بھارتی کے ہوسکتے ہیں پاکستانی کے نہیں۔ گرفتار ملزمان بتار ہے ہیں کہ دہشتگردانہ کارروائیوں کی ایک سال سے منصوبہ بندی ہو رہی تھی،عمران خان نے فوج کو اپنا مخالف تصور کرلیا ہے یہ محسن کش انسان ہے۔ ان کی ساری سیاست فوج کی گود میں پروان چڑھی اور آج وہ ان کے خلاف بات کرتے ہیں۔ان کے اپنے لوگ جو ان کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں وہ خود یہ ساری باتیں بتا رہے ہیں کہ یہ سب پلاننگ کے تحت ہوا تھا۔عمران خا ن نے سیاست میں پاک فوج کو فریق بنایا،9مئی کے واقعات میں ماضی کی کوئی مثال نہیں ملتی،عمران خان نے جتنے بھی اقدامات کیئے ان کی بھارت میں خوشی منا ئی گئی،اداروں کو سبوتاژ کرنے میں سب سے زیادہ خوشی بھارت کو ہوئی، ماضی میں بہت سے ایسے واقعات ہوئے،نواز شریف کے ساتھ جو کچھ ہوا، ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ جو کچھ ہوا،ان سب لوگوں کو ان کے کرداروں کا پتہ تھا لیکن لیکن کسی سیاسی جماعت نے عسکری تنصیبات پر حملہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کو کوئی سیاسی نقصان نہیں پہنچایا وہ ابھی وہی بات دہرارہے ہیں کہ مجھے دوبارہ گرفتار کیا گیا تو اسی طرح کا ری ایکشن آئے گا اور پھر اتنا معصوم بننے کی کوشش کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ لو گ بیوقوف ہیں۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں ضائع کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے پر غور کیا جا رہا ہے اگر پی ٹی آئی پر پانبدی لگانے سے متعلق کوئی فیصلہ ہوا تو پارلیمنٹ سے رجوع کیا جائیگا ۔عمران خان ذہنی توازن کھو چکے ہیں، یہ پہلے اسمبلیوں سے اسعفے دیتے ہیں پھر کہتے ہیں کہ منظور کیئے جائیں۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ عمران خان نے کل انٹر ویو دیا کہ بار بار کہہ رہا ہوں فوج بات کرے، عمران خان نے ایک جوا کھیلا جو وہ ہار گئے، اب وہ حیلے بہانے سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔ ہم پر موجودہ ملکی حالات سے متعلق کوئیبیرونی دباؤ نہیں۔