اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کی گرفتاری پر وزارت داخلہ سے جواب طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پرچیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔اسلام آباد پولیس نے عدالت کو بتایا وفاقی دارالحکومت میں شاہ محمود قریشی کے خلاف دو مقدمات جبکہ ان کے خلاف چھ پرانے کیسز بھی ہیں۔تاہم یہ معلوم نہیں کہ وہ کہاں اور کس مقدمہ میں گرفتار ہیں۔عدالت نے وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کیا کہ عدالت کو آگاہ کریں کہ شاہ محمود قریشی کس مقدمہ میں گرفتار ہیں؟شاہ محمود قریشی کی دوبارہ گرفتاری کیخلاف درخواست کی سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ شاہ محمود کو ڈپٹی کمشنرراولپنڈی کے تھری ایم پی او کے تحت احکامات پرگرفتار کیا گیا اوروہ اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔عدالت نے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔اسلام آباد پولیس نے اسد قیصر کے خلاف سات مقدمات کا ریکارڈ بھی ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔وکیل بابراعوان نے ریکارڈ نامکمل ہونے کا اعتراض اٹھایا تو عدالت نے کل تک دیگر مقدمات کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم جاری کر دیا۔
Load/Hide Comments



