میں اور مونس الہی عمران خان کے ساتھ پہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، پرویز الٰہی

لاہور(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہم آہنی دیوار کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انشاء اللہ کھڑے رہیں گے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے جب اللہ نے وزیر اعلیٰ بنایا اس میں سب سے زیادہ کریڈٹ عمران خان صاحب کا ہے، عمران خان نے مجھے یہ عہدہ دیا تھا جس پر میں نے ان سے وفا کی، عمران خان نے جب یہ عہدہ واپس مانگا تو میں نے واپس بھی دے دیا، انشاء اللہ میں اور مونس الٰہی عمران خان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں بالکل چودھری وجاہت حسین کے خلاف نہیں ہوں، انہوں نے اپنے حالات کے مطابق فیصلہ کیا ہے، مجھے اور مونس الٰہی سمیت تمام فیملی کو ان کے اس فیصلے سے کوئی رنج نہیں ہے، ہم عمران خان کے بیانیے کو بھی سپورٹ کرتے ہیں لیکن ہماری یہ خواہش ہے اور اس کا اظہار بھی کرتے رہتے ہیں کہ فوج ہمارا اپنا ادارہ ہے، غلط فہمیاں ہوتی رہتی ہیں لیکن ہماری کوشش ہے کہ فوج اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات اچھے ہوں۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمارے ساتھ وعدے پورے کیے، اب یہ ہمارا فرض ہے کہ ڈٹ کر ان کے ساتھ کھڑے رہیں، انشاء اللہ مشکل وقت میں بھی ہم عمران خان کے ساتھ ہیں، یہی ہمارا قول ہے اور یہی ہماری سیاست کا اصول ہے، جس طرح آج چودھری وجاہت حسین نے پریس کانفرنس کی اس سے ہمیں ان کے حالات کا اندازہ ہے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں نے اپنے پہلے دور میں بھی مخالفت کیے بغیر کام کیا، ریسکیو 1122 بنایا، دین کے حوالے سے خدمات سرانجام دیں، جس میں میرے بچوں مونس الٰہی اورراسخ الٰہی کا بڑا رول رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ پتہ ہونا چاہئے کہ کسی ادارے کو انکروچ نہیں کرنا، ہمیں اپنی حدود میں رہ کر آگے بڑھنا ہے، قوم کو ایک صحیح سمت اور روشنی دکھانی ہے تاکہ وطن میں ترقی ہو سکے۔