کراچی (آن لائن) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے جن نظریات پر پاکستان کی بنیاد رکھی ان کے خلاف 9مئی کو گہری سازش کی گئی، انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان کو قائد اعظم کے رہنما اصولوں پر ہی قائم رکھا جائے گا اور اس کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کا افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کرنا عوام کا اپنی مسلح افواج سے محبت کا ثبوت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں منعقدہ پاکستان یکجہتی کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ کانفرنس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان، جامعتہ الرشید کے سرپرست اعلی مفتی عبدالرحیم، وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی پروفیسر محمد سعید قریشی، وائس چانسلر شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء جسٹس (ریٹائرڈ) رانا محمد شمیم، الغزالی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذیشان، ضیاء الدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر سید عرفان حیدر، اقراء یونیورسٹی کے وائس چانسلر وسیم قاضی، جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ کے مہتمم مفتی نعمان نعیم، ڈاکٹر ظفر شیخ، آفتاب شیخ، آدم خان، ہما شریف اور وحید عثمانی کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ گورنر سندھ نے وائس چانسلر کی آمدپر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 5سے8سال کے بچوں کو حب الوطنی کی تعلیم و تربیت موثر طریقہ سے دی جاسکتی ہے، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کی طرز پر صوبہ میں پرائمری ایجوکیشن کمیشن تشکیل دینے کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھا ہے، انہوں نے کہا کہ جلد گورنر ہاؤس میں مفتی عبدالرحیم کی تجویز کے مطابق ملکی صورتحال، اس کے مضمرات اور مستقبل کی پیش بندی کے سلسلہ میں پورے دن کی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان یکجہتی کانفرنس کے انعقاد کا مقصد بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح? کو خراج تحسین پیش کرنا اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے نہ صرفہمیشہ مشکل وقت میں پوری قوم کی حفاظت کو یقینی بنایا ہے بلکہ قدرتی آفات میں بھی قوم کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا ضروری ہے، تاکہ آئندہ کسی کو اس قسم کی حرکت کرنے کی جرات نہ ہوسکے، انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے اپنے اتحاد سے قومی یکجہتی، سا لمیت اور خود مختاری کو پارا پارا کرنے کی کوشش کو مسترد کردیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاک فوج کی مضبوطی میں ہی ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام مضمر ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ ملک میں انارکی پھیلانے والوں کو حساب دینا ہوگا، پی ٹی آئی کے سربراہ کے علاوہ کسی نے فوج کو سیاست میں نہیں گھسیٹا، عمران خان کی پالیسیوں کے باعث ان کے قریبی ساتھی بھی ان کا ساتھ چھوڑتے جارہے ہیں، ان کی سیاست نے ملک کو معاشی طور پر مشکلات کا شکار کردیا ہے، اور ملک کا سیاسی عدم استحکام معیشت پر اثر انداز ہورہا ہے.
Load/Hide Comments



