اسلام آباد(آن لائن )سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے،ملک کی بقاء اور سلامتی سیاست سے بالاتر ہے۔تفصیل کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے اتوار کے روز اپنے حلقے گوجر خان کا دورہ کیا۔اس موقع پر راجہ جاوید اشرف اور خرم پرویز راجہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران انہوں نے مختلف پروگراموں میں شرکت کی، جہاں پر حلقے کی عوام نے جگہ جگہ ان کاوالہانہ استقبال کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف عوام میں گھل مل گئے اور انہوں نے حلقے کی عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے کہا کہ میں اور میری پارٹی گوجر خان کی عوام سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے ایک بار پھر عوام کی خدمت کا موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہاکہ میں اور میرے ساتھی بھرپور جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت اور درپیش مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا اور سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہ جو لوگ اس وقت دشمن کے مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں وہ ملک دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں ہماری سیاست اور ہمارا اقتدار پاکستان کے سلامتی اور بقاء سے جڑا ہوا ہے،انہوں نے کہا ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے اس وقت قومی یکجہتی کے ذریعے ہی ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے۔بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی نے حلقہ گوجر خان میں حال ہی میں انتقال فرمانے والوں کے گھروں کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے مرحومین کے روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور سوگواران سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے مرحومین کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا بھی کی۔
Load/Hide Comments



