آٹا بحران کی وجہ سے صوبہ خیبر پختونخوا کے لوگ شدیداضطراب اور تشویش کا شکار ہیں،آفتاب شیرپاؤ

ُُُُپشاور(آن لائن) قومی وطن پارٹی کے چیئر مین آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ آٹا بحران کی وجہ سے صوبہ خیبر پختونخوا کے لوگ شدیداضطراب اور تشویش کا شکار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں پشاور شہر کے خواتین پارٹی کارکنان کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفد کی قیادت پارٹی کے صوبائی وائس چیئرمین سید فیاض علی شاہ کر رہے تھے۔وفد میں پارٹی کی سینئر خاتون رہنماء میڈم فوزیہ اوربزرگ پارٹی کارکن شاہدہ حسیب بھی موجود تھی۔اس موقع پر سید مظہرالحق نے قومی وطن پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔آفتاب شیرپاؤ نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا خیبر پختونخوا ملک کا حصہ نہیں جہاں کے عوام آٹے جیسے بنیادی ضرورت سے محروم ہے۔انھوں نے صوبہ پنجاب کی طرف سے خیبر پختونخوا کو آٹے کی ترسیل پر پابندی کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کو فی الفور ختم کیا جائے کیونکہ اس عمل سے عوام کے مابین بدمزگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشتگردی اور مہنگائی کی ماری قوم پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے اوراسے مزید امتحان میں نہ ڈالا جائے۔صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ لااینڈ آرڈر کا مسئلہ شدت اختیار کر رہا ہے لہٰذا حکومت قانون کی حکمرانی قائم کرنے کیلئے بروقت اور موثر اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ حالات کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے۔انھوں نے صوبہ باالخصوص صوبائی دارلحکومت پشاور میں گیس کی کمی کو پورا کرنے کے حوالے سے بھی حکومت سے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا.