60 ارب کے چور نے اپنی چوریاں چھپانے کے لئے نوجوان کارکنوں کو تخریب کار فورس بنایا،مریم نواز

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 60 ارب کے چور نے اپنی چوریاں چھپانے کے لئے نوجوان کارکنوں کو تخریب کار فورس بنایا، 9 مئی اصل میں نوجوان نسل اور پاکستان کو لڑانے کی مذموم سازش تھی، منظم منصوبہ بندی کے تحت نوجوانوں کے ذہن میں زہر بھرا گیا، مٹھی بھر مسلح جتھوں کے ذریعے پاکستان پر حملے کے لئے استعمال کیاگیا۔تفصیل کے مطابق مریم نواز کی صدارت میں ایم ایس ایف سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں ایک ماہ کے عرصے میں پچاس ہزار سے زائد طلبہ اور طالبات کی رجسٹریشن مکمل کی گئی ہے۔ اجلاس میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) کی پورے ملک میں تنظیم نو کے عمل پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ایم ایس ایف نوجوانوں نسل کا ہراول دستہ ہے، آپ نظریہ پاکستان کے پرچم بردار ہیں، ایم ایس ایف کو فعال کرنے کا مقصد نوجوان نسل کو نظریاتی خطوط پر تربیت دینا ہے، چاہتی ہوں کہ ملک بھر میں اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو’تعمیر پاکستان فورس بناؤں، نوجوانوں میں سے مستقبل کی قیادت سامنے لائیں گے، معاشرے کو تخریب کارکی تخریب کاری کے اثرات سے پاک کرنا ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم، صحت اور مثبت سرگرمیوں میں شرکت پاکستان کی ترقی کا راستہ ہے، خوف کا بْت خوف خدا اختیار کرنے سے ٹوٹتا ہے، شہیدوں کے مجسمے توڑنے سے نہیں، فتنے نے پورے ملک خاص طورپر نوجوانوں کو جھوٹ بول بول کر ورغلایا، ذہنوں میں نفرت کی زہریلی فصل کاشت کی، قوم خاص طورپر نوجوانوں کے ذہن میں تحمل، برداشت، علم وآگاہی کے بیج بونے ہیں، یہ سمجھنا ہے کہ تخریب اور تعمیر کی قوتوں میں کیا فرق ہے، دہشت گردی اور احتجاج میں کیا فرق ہے۔ مسلم لیگ کی نائب صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو کسی شرپسند، فتنہ پرور، سیاسی ٹھگ کی خواہشات کی بھٹی کا ایندھن نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ توشہ چور نے ملکی معیشت، کاروبار، نوجوانوں کا روزگار تباہ کیا، انشاء اللہ، قوم کے اتحاد، یک جہتی اور بھائی چارے کو مضبوط کریں گے، قوم کی تقسیم ختم، امن اور برداشت واپس لائیں گے، معیشت بحال ہو گی، کاروبارپھر سے چلے گا، نوجوانوں کو روزگار ملے گا.