اسلام آباد (آن لائن)وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری سے متعلق خبروں میں کوئی حقیقت نہیں البتہ عمران خان ضرور گرفتار ہوں گے،چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس کی تیاری سمیت تمام چیزیں زیر غور ہیں،سپریم کورٹ نے توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تو پارلیمنٹ اپنا فیصلہ کرے گی۔پیر کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے کہا کہ چیف جسٹس نے جو کر دیا ہے، جس رویے کا اظہار کیا اس پر پوری قوم دل گرفتہ ہے، انصاف کے اونچے ایوان میں بیٹھ کر جانبداری کو لوگ ہضم نہیں کر پا رہے،قومی خزانے کے 60 ارب روپے کے ڈاکے کے مجرم کو جس طرح ویلکم کیا گیا، لوگوں میں شدید غم و غصہ ہے،آج جو احتجاج ہو رہا ہے اس میں یقینی بنایا ہے کہ کوئی شر پسند فائدہ نہ اٹھا سکے،انہوں نے کہا کہ عمران خان نے گرفتار ہونا ہی ہے، اس کے جرائم کی فہرست میں 9 مئی کو اضافہ ہوا،یہ فتنہ پورے سال سے انویسٹمنٹ کر رہا تھا،تمام ٹارگٹ مقرر تھے کہ کہاں جہاز جلانا ہے، کہاں شہدا کی یادگار کو توڑنا ہے،انصاف کے کٹہرے میں آ کر سامنا کرنا پڑے گا،جب انصاف کے اعلیٰ ایوانوں میں بیٹھ کر قانون کی پاسداری نہ ہو تو عام لوگوں اور سیاسی ورکرز سے پاسداری کروانا مشکل ہوتا ہے،نگران حکومتوں کو اندازہ نہیں تھا کہ ایسے مقامات کو نشانہ بنایا جائے گا۔کیا چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس کی تیاری ہو رہی ہے؟ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ تمام چیزیں زیر غور ہیں، لوگ اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں،اگر توہین عدالت کا نوٹس جاری ہوا تو پارلیمنٹ فیصلہ کرے گی کہ کیا کرنا ہے، نگران حکومتوں نے اسوقت تک رہنا ہے جب تک الیکشن نہیں ہو جاتے،ایک اور سوال کے جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم کی اہلیہ بشری بی بی کی گرفتاری کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں البتہ عمران خان ضرور گرفتار ہوں گے۔
Load/Hide Comments



