لاہور (آن لائن)سنسر بورڈ کی جانب سے سنسر سرٹیفکیٹ نہ ملنے کے باعث کامیڈی ہارر فلم ”لفنگے“کی عید الاضحی پر ریلیز خدشات کا شکار ہو گئی۔فلم میں سمیع خان،سلیم معراج،بہروز سبزواری،نازش جہانگیر، سلمان ثاقب عرف مانی، مبین گبول اور اختر حسنین سمیت دیگر شامل ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی سینسر بورڈ نے عیدالاضحی پر نمائش ہونے والی فلموں کی دوڑ میں شامل فلم ”لفنگے“کو سینسر سرٹیفکیٹ دینے سے انکار کرتے ہوئے اس فلم کو پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کے لیے ناموزوں قرار دیا ہے۔چیئرمین ارشد منیر کے مطابق فلم کے بارے میں سینسر کے وقت موجود تمام حاضر اراکین نے متفقہ طور پر فیصلہ دیا کہ یہ فلم اس قابل نہیں کہ اسے پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا جاسکے۔فلم میں بہت فحش زبان استعمال کی گئی ہے، متعدد مقامات پر ذومعنی جملے اور مکالمے استعمال کیے گئے ہیں اور کئی جگہ پر جنسیت بھرے جملے بھی ہیں جو شائستگی اور تہذیب کے مکمل منافی ہیں۔کامیڈی فلم لفنگے کے لکھاری اور ہدایتکار دونوں عبدالخالق خان ہیں جبکہ فلم کے پروڈیوسر طارق حبیب رند ہیں۔ہدایتکار عبدالخالق خان نے کہا کہ انہیں اس فیصلہ سے افسوس ہوا ہے کیونکہ ان کی فلم میں ریاست یا مذہب مخالف کوئی چیز نہیں تھی، اگر گالیاں ہیں تو بیپ لگائی جاسکتی تھی، سین کٹ سکتے تھے، پابندی کیوں لگادی؟ وہ اسے صرف بالغوں کے لیے کا سرٹیفکیٹ دے سکتے تھے۔فیصلے کے بعد فلمسازکے پاس فل بورڈ میں اپیل کا حق موجود ہے۔
Load/Hide Comments



