کراچی (نیوز ڈیسک)بھارتی قید سے رہائی پانے والے6پاکستانی ماہی گیر کراچی پہنچ گئے،ایدھی سینٹر ٹاور پرفقیدالمثال استقبال،اہل خانہ سے ملنے کے دوران رقت انگیز مناظر،فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی نے رہائی پانے والے ماہی گیروں کو20ہزار روپے فی کس امداد اور ایدھی فائومڈیشن کی جانب سے پانچ پانچ ہزارروپے نقد امداددی گئی۔
بھارتی جیلوں میں اب بھی 116پاکستانی ماہی گیرقید وبند کی صعبتیں برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔تفصیلات کے مطابق بھارتی قید سے رہائی پانے والے6پاکستانی ماہی گیر علی اکبر،علی حسن،علی نواز،وزیر علی،دیدار علی اورحمزہ اتوار کی دوپہر لاہور سے کراچی پہنچ گئے۔
ایدھی سینٹر ٹاور پررہائی پانے والے ماہی گیروں کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ماہی گیروں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔اور ہار پہنائے گئے۔رہائی پانے والے ماہی گیروں کی اپنے پیاروں سے ملنے کے دوران آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔رہائی پانے والے ماہی گیر پانچ سال تک بھارتی جیلوں میں قید و بند کی صعبتیں برداشت کرتے رہے۔رہائی پانے والے ماہی گیروں نے بتایا کہ بھارتی جیلوں میں دوران قید انہیں چار چار دن تک بھوکا رکھا جاتا تھا۔اور بہیمانہ تشددکا نشانہ بنایا جاتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی قید سے رہائی کے بعد پاکستان پہنچ کر انہوں نے آزاد فضائوں میں سانس لیکراپنے رب کا شکر ادا کیا ہے۔
رہائی پانے والے ماہی گیروں کے استقبال کے بعد ایڈمنسٹریٹر فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی کی ہدایت پر منیجر شوکت حسین اورعلی اصغر شاہ نے رہا ہونے والے ماہی گیروں کو فی کس20ہزار روپے نقد امدا دی رقوم دیں۔جبکہ ایدھی فائونڈیشن کی جانب سے بھی پانچ پانچ ہزار روپے کی امداد دی گئی ۔
اس موقع پرعلی اصغر شاہ نے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی بھارتی قید سے رہائی پانے والے ماہی گیروں کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کے لیے فل سپورٹ کرے گی۔ فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی اپنے ماہی گیروںکو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ماہ مئی ،جون میں مچھلی کے شکار پر پابندی کے باعث ماہی گیر مشکلات کا شکار ہو جاتے تھے۔
Load/Hide Comments



