دنیا نیوز کے پروگرام مذاق رات کی ٹیم کے اہم رکن اور معروف کامیڈین سردار کمال دل کا دورہ پڑنے سے وفات پائے گئے، لیجنڈ کامیڈین کے اچانک انتقال پر فنکاروں نے انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پروگرام مذاق رات کے میزبان اور اداکار عمران اشرف نے سردار کمال کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے پاس کہنے کو الفاظ ہیں اور نہ میرا اس وقت خود پر قابو ہے کیونکہ بڑے سالوں بعد مجھے کوئی ایسا دوست ملا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: معروف کامیڈین سردار کمال دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے
عمران اشرف نے مزید کہا ہے کہ ملک نے ایک بہت بڑا فنکار اور کامیڈین کھویا ہے، یہ میں جانتا ہوں ہم نے کیا کھویا ہے، سردار کمال نے ہمیشہ مجھے کہا کہ عمران میں تمہیں گرنے نہیں دوں گا، میں اور سردار صاحب نے ملک سے باہر جانا تھا، وہ جاتے ہوئے کام ختم کر گئے ہیں۔
اداکار اور میزبان عمران اشرف نے کہا ہے کہ میں نے بہت بڑے بڑے نقصان اٹھائے ہیں لیکن سردار کمال کی اچانک وفات بہت بڑا نقصان ہے جو کبھی پورا نہیں ہو گا، ان کے بغیر ہمارا پروگرام ادھورا ہو گیا ہے، وہ بہت ہی اچھے انسان اور ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں رہتے تھے۔