خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ کیس، آمنہ عروج کی ضمانت بعدازگرفتاری کی درخواست دائر

خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے کے مقدمے میں گرفتار مرکزی ملزمہ آمنہ عروج نے ضمانت بعدازگرفتاری کی درخواست دائر کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے ضمانت بعدازگرفتاری کی درخواست پر سماعت کی، ملزمہ کی جانب سے محمد اشفاق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار کی جانب سے وکیل محمد اشفاق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمہ آمنہ عروج نے خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ نہیں کیا اور نہ ہی ملزمہ کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ ملزمہ کی ضمانت بعدازگرفتاری کی درخواست منظور کی جائے۔

عدالت نے درخواست گزار آمنہ عروج کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد پراسکیوشن کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے مقدمے کی تفصیلات طلب کر لیں، بعدازاں عدالت نے سماعت چھ اگست تک ملتوی کردی۔