نواز شریف کو سزا دینے والے نے گھر آ کر معافی مانگی، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کو سزا ایک مذاق ہے، سزا دینے والے نے گھر آ کر معافی مانگی، شاہد خاقان عباسی نے کبھی ناراضی کا اظہار نہیں کیااورنہ ہی پارٹی نے انہیں کسی معاملے میں پیچھے چھوڑا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف کی 2 اپیلیں زیرِ التوا تھیں ایک میں ضمانت ہو چکی ہے، وہ الیکشن لڑیں گے اور چوتھی بار وزیرِ اعظم کا حلف اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نارووال میں پارٹی ارکان کے درمیان ناراضی ایک حلقے کی وجہ سے ہے، پارلیمانی بورڈ میرٹ پر حلقے میں ٹکٹ کا فیصلہ کرے گا تو معاملہ حل ہو جائے گا۔رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے کبھی ناراضی کا اظہار نہیں کیا، انہوں نے اپنے موقف کی وجہ سے الیکشن میں حصہ نہ لینے کا کہا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پارٹی نے شاہد خاقان عباسی کو کسی معاملے میں پیچھے نہیں رکھا۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو سزا دینے والے ایک شخص نے گھر میں آکر ان سے معافی مانگی۔