وزیراعظم نے آئندہ وفاقی بجٹ میں غریب نواز اقدامات تجویز کرنے کے لئے خواجہ آصف کی سربراہی میں نو ر کنی کمیٹی تشکیل دیدی

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی بجٹ 2023. 24 میں غریبوں کے حق میں اقدامات تجویز کرنے کے لئے وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں نو ر کنی کمیٹی تشکیل دیدی۔ تاہم کمیٹی میں وزارت خزانہ کا کوئی بھی نمائندہ شامل نہیں ہے۔ میڈیا رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ کمیٹی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل مصدق ملک، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ایس اے ایم پی ڈاکٹر جہانزیب خان، امور نوجوانان شازہ فاطمہ خواجہ، قیصر احمد شیخ، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ریونیو کے چیئرمین احمد عمیر، ایک ترقی پسند کسان، اور ایک مشہور آئی ٹی کمپنی کے سی او آصف پیر پر مشتمل ہو گی۔ کمیٹی بجٹ 2023.24میں غریبوں کے حامی اقدامات پر غور و فکر کرے گی اور کمزور طبقات کے حالات زندگی اور معاش کو بہتر بنانے اقدامات تجاویز دے گی۔ رپورٹ کے مطابق کمیٹی کے ٹی او آرز میں آئندہ بجٹ میں شامل کرنے کے لیے غریب نواز اور عوام دوست اقدامات تجویز کرنا، بفر فراہم کرنے اور عوام کو مروجہ بلند مہنگائی سے بچانے کے لیے اقدامات کی سفارش کرنا، غریبوں کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈیز کی کافی مقدار کی جانچ کرنا اور ان کے دائرہ کار اور کوریج کو مزید بڑھانے کے لیے منصوبہ تجویز کرنا، کاروبار اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات تجویز کرنا شامل ہے۔ کمیٹی اس ٹاسک کو پورا کرنے کے لئے ضرورت کے مطابق کسی بھی شخص کو شامل کر سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں