امریکا کا پاکستان کی صورتحال پر اظہارِ تشویش

واشنگٹن (آن لائن)امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین باب مینڈیز نے پاکستان کی صورت حال پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق باب مینڈیز نے کہا کہ پاکستان میں جاری پریشان کن حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں،کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔باب مینڈیز نے عوام کے لیے انٹرنیٹ سروسز کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ بند کرنا پاکستانی عوام کی آزادیوں بشمول انفارمیشن تک رسائی کو خطرناک حد تک دباتا ہے جبکہ امریکہ کے محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدنت پٹیل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کے حالات کی نگرانی کر رہے ہیں،مضبوط جمہوری پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوری اقدار، اصولوں کی پاسداری اور قانون کا احترام دیکھنا چاہتے ہیں، کئی معاملات پر پاکستان سے بات چیت جاری ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پہلے کہہ چکے ہیں ہم کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت پر پوزیشن نہیں رکھتے، پوری دنیا میں جمہوری اقدار کی عزت اور قانون کی حکمرانی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہی کیا دنیا کے کسی ملک میں ہمارا کوئی پسندیدہ امیدوار یا پسندیدہ جماعت نہیں ہے، آزاد میڈیا بہتر جمہوری معاشرہ تشکیل دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں