پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئے کاروباری ہفتہ کا آغاز مندی سے ہوا

کراچی(آن لائن)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئے کاروباری ہفتہ کا آغاز مندی سے ہوا،کے ایس ای 100انڈیکس 213پوائنٹس کمی کے بعد ایک بار پھر40ہزار پوائنٹس کی حد سے گرگیا،مارکیٹ میں مندی کے سبب سرمایہ کے حجم میں 28ارب روپے کی کمی ہوئی جبکہ حصص کی کاروباری مالیت بھی66فیصد گر گئی۔تفصیلات کے مطابق ملک کے سیاسی و آئینی بحران اور آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ میں تاخیر کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں صورتحال زیادہ بہتر دکھائی نہیں دیتی،ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار دونوں ہی اس صورتحال سے انتہائی پریشان دکھائی دیتے ہیں اور مارکیٹ میں کوئی نئی پوزیشن لینے سے گریزاں ہیں،گزشتہ روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئے کاروباری ہفتہ کا آغاز مندی سے ہوا،کے ایس ای100انڈیکس 213پوائنٹس کمی سے 39835پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا،کے ایس ای30انڈیکس 81پوائنٹس کمی سے 14833اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 122پوائنٹس کمی سے 26279پوائنٹس پر بند ہوئے،مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 28ارب روپے کی کمی سے 60کھرب93ارب روپے کی سطح سے گھٹ کر60کھرب65ارب روے کی سطح پر آگیا،گزشتہ روز 1ارب روپے مالیت کے حصص کا کاروبار ہوا جبکہ جمعہ کے روز 3ارب روپے مالیت کے حصص کا کاروبار ہوا تھا،گزشتہ روز مجموعی طور پر 297کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا،جس میں سے 104کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ،174کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں کمی اور 19کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں استحکام رہا،گزشتہ روز ٹریڈنگ کے دوران جے ایس بینک،کے الیکٹرک،ٹیلی کارڈ لمیٹڈ،فوجی سیمنٹ،میپل لیف سیمنٹ،سلک بینک اور بینک الفلاح کے سودے نمایاں رہے،خیبر ٹیکسٹائل اور مری بریوری کے حصص کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا جبکہ سب سے زیادہ کمی سفائر فائبر اور پاک سروسز کے حصص کی قیمت میں رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں