پنجاب کے36 اضلاع میں قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز22اگست سے ہوگا

لاہور (آن لائن)پنجاب کے36 اضلاع میں قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز22اگست سے ہوگا،ہائی رسک اضلاع لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں انسد ادپولیو مہم 28اگست تک جبکہ دیگر 33اضلاع میں مہم 26اگست تک جاری رہے گی۔مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے دو کروڑ20لاکھ بچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیرپرائمری ہیلتھ اختر ملک اورچیف سیکرٹری کامران علی افضل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس جس میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر اختر ملک نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کو بھرپور انداز میں کامیاب بنایا جائے،اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز انسداد پولیو مہم کی خود نگرانی کریں۔ہائی رسک اضلاع میں مسڈ چلڈرن کی کوریج پر خصوصی توجہ دی جائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ کوالٹی چیک کرنے کیلئے کی جانیوالی سیمپلنگ میں کامیابی کا تناسب 80فیصد سے زائد ہونا چاہیے۔ بچوں کی صحت اور محفوظ مستقبل کیلئے ملک کو پولیو فری بنانا ہوگا۔پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے سب کو ملکرقومی جذبے کیساتھ کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ پولیو ٹیمیں لوگوں کو ڈینگی سے متعلق احتیاطی تدابیر سے لازمی طور پر آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں عالمی اداروں کا تعاون قابل ستائش ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے بریفنگ دی اور بتایا کہ جون میں سات اضلاع میں مکمل کی جانے والی انسداد پولیو مہم میں کوریج کا تناسب 96.8فیصد رہا، اگست کی مہم کیلئے85ہزارایک سو 93موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،دو لاکھ سے زائد پولیو ورکرز خدمات سر انجام دیں گے۔اجلاس میں پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

کیٹاگری میں : صحت