لاہور (آن لائن) سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کے فری اینڈ فیئر الیکشن کے انعقاد کے لیے ووٹنگ آج (بروز جمعہ) 22 جولائی کو ہو گی۔ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے حمزہ شہباز شریف اور چوہدری پرویز الہی میں مقابلہ ہوگا۔ممبران اسمبلی شو آف ہینڈ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔وزیر اعلی کیلئے 186 ووٹ حاصل کرنا ضروری ہیں تاہم اگر یہ تعداد کوئی امیدوار حاصل نہ کر سکا تو پھر دوبارہ اسی وقت الیکشن ہوں گے اور جو بھی اکثریت حاصل کرے گا وہ کامیاب قرار پائے گا۔ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے الیکشن کے موقع پرضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ میں اراکین اسمبلی اور اسمبلی سٹاف کے مہمانوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہو گی۔سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کے مطابق سپیکر باکس، آفیسر باکس اور مہمانوں کی گیلریاں بند ہوں گی تاہم میڈیا گیلری کھلی ہو گی۔اراکین اسمبلی کو اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ اسمبلی کی طرف سے جاری کردہ شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں جبکہ ایوان میں موبائل فون لے جانے پر پابندی ہو گی۔اراکین اسمبلی کا اسمبلی سیکرٹریٹ میں داخلہ ڈیوٹی فری شاپ کی طرف واقع گیٹ سے ہو گا۔ پولیس اسمبلی سیکرٹریٹ کی چار دیواری کے باہر انتظامی معاملات کنٹرول کرے گی جبکہ میڈیا پریس گیلری کے ذریعے وزیر اعلی پنجاب کے الیکشن کی کوریج کرے گا۔
اہم خبریں
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments