شمالی وزیرستان میں پولیو کے12 ویں کیس کی تصدیق ہوگئی، وزیر صحت عبد القادر پٹیل

اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل نے شمالی وزیرستان سے پولیو کے 12 ویں کیس کی تصدیق کر دی اورکہا کہ رپورٹ ہونے والے تمام کیسز شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے ہیں،خیبر پختونخواہ کے جنوبی و شمالی اضلاع وائرس کے لئے حساس قرار دیئے جا چکے ہیں،پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔وہ جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے،ان کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے مربوط اور موثر حکمت عملیی ہے،وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کیلئے متعدد بار پولیو مہمات کا انعقاد کر چکے ہیں،موجودہ حکومت پولیو کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی،پروگرام زیادہ سے زیادہ بچوں کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے متعدد حکمت عملی پر عمل پیرا ہے،جس میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بچے صحت مند اور محفوظ مستقبل کے حقدار ہیں، تمام والدین کو حالات کی نزاکت کا احساس ہونا چاہئے، وائرس کے خاتمے کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے تمام پاکستانی اپنا بھرپور کردار ادا کریں،ان کا کہنا تھا کہ پولیو مہم کے دوران ورکرز کے لئے اپنے دروازے کھولیں اور ہر مہم میں بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری ہیلتھ فخر عالم نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو ہر مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں،پولیو کے خاتمے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا ررہے ہیں،پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہم اپنی کوششیں مزید تیز کر رہے ہیں،پولیو پروگرام پولیو کے خاتمے کیلئے دن رات انتھک محنت کررہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں