وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی چین پہنچ گئے

ہوانگ شن/بیجنگ (ویب ڈیسک ) چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای کی خصوصی دعوت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی،افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس میں شرکت کیلئے چین پہنچ گئے،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں ۔
ہوانگ شن(Huangshan ) بین الاقوامی ائرپورٹ پہنچنے پر چین میں تعینات پاکستانی سفیر معین الحق اور چینی وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا وزیر خارجہ اپنے تین روزہ دورے میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس میں شریک ہوں گے ۔
وزیر خارجہ، پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے، اپنے کلیدی خطاب میں افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے اور ٹھوس اقدامات اٹھانے پر زور دیں گے چین میں منعقدہ افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ چین، روس، ایران اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورئہ چین، پاکستان کے اقتصادی ترجیحاتی ایجنڈے اور علاقائی روابط کے فروغ کے ضمن میں انتہائی معاون ثابت ہو گا